نئی دہلی4اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) پیٹرول اور ڈیزل پر مرکزی حکومت کی جانب سے 2.5 روپے کی راحت ملنے کے بعد بی جے پی حکومت کئی ریاستوں نے بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ مرکزی حکومت نے قیمت میں کمی کے بعد تمام ریاستی حکومتوں سے بھی قیمت میں کمی کرنے کو کہا تھا۔ اس کے بعد بی جے پی حکومت یوپی، مہاراشٹر، گجرات اور تری پورہ کی حکومت نے بھی اپنے یہاں قیمت کم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وہیں، دوسری طرف حکومت کے اس فیصلے پر عام آدمی پارٹی نے اپنی رائے دی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کر کہا کہ حکومت نے ڈھائی روپے کی کمی کرکے لو گوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ آپ کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے ٹویٹ کیا کہ مودی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی 10 روپے فی لیٹر اضافہ اور صرف 2.50 روپے آج کم کر دی؟ یہ تو دھوکہ ہوا۔ مرکزی حکومت کو کم از کم 10 روپے فی لیٹر کی کمی کرنی چاہئے۔ آپ کے دوسرے لیڈر سنجے سنگھ نے ٹویٹ کیاکہ وزیر خزانہ نے ڈیزل۔پٹرول کی قیمت میں ڈھائی روپے کی کمی کر دی، اچھی بات ہے محترم !کیا کل سے روزانہ 10 پیسہ، 25 پیسہ، 45 پیسہ، 50 پیسہ تیل کی قیمت بڑھنے بند ہو جائے گی؟ چار دن کی چاندنی، پھر اندھیری رات ہے ۔ ادھر، وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے اڑیسہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک سے بھی تیل کی قیمتیں کم کرنے کی درخواست کی ہے۔ واضح ہو کہ اڑیسہ میں بیجو جنتا دل کی حکومت ہے۔ اس کے پہلے دھرمیندر پردھان سے حکومت کے اس فیصلے پر پی ایم مودی اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا شکریہ ادا بھی کیا۔ ادھر دوسری طرف بی جے پی صدر امت شاہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے 2.5 روپے کی کمی کا خیر مقدم کیا ہے۔